Saturday, April 20, 2024

مناسک حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا

مناسک حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا
August 20, 2018
مکہ مکرمہ (92 نیوز) مناسک حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی کا عمل بھی آج کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں بیس لاکھ سے زائد عازمین  بسوں، ٹرینوں اور پیدل سفر کر کے منیٰ سے  میدان عرفات پہنچنا شروع ہو چکے ہیں ۔ حجاج کرام میدان عرفات پہنچ کر مسجد نمرہ اور اس کے گرد وسیع میدان میں قیام کریں گے اور اللہ کے حضور عبادت میں مشغول رہیں گے۔ مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر حسین بن عبدالعزیز آل شیخ  خطبہ حج  ادا کریں گے  اور نماز ظہر اور عصر کی امامت بھی کروائیں گے۔ اس کے بعد عازمین عرفات میں ہی قیام کریں گے اور حج کی قبولیت اور اپنے گناہوں کی بخشش طلب کریں گے۔ مغرب ہوتے ہی حجاج کرام مزدلفہ کی جانب روانہ ہو جاہیں گے جہاں وہ کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے اور شیاطین کو مارنے کے لئے کنکریاں چنیں گے اور اگلی صبح نماز فجر کی ادائیگی کے بعد رمی کریں گے ۔ ہمیشہ کی طرح نو ذوالحج کو غلاف کعبہ کی تبدیلی بھی عمل میں لائی جائے گی جس کے لئے 160 ہنر مند اور تکینیکی ماہرین خدمات سرانجام دیں گے۔ دوسری جانب گزشتہ رات مشائیر مقدسہ میں خوب جم کر بادل برسے اور تیز ہواوں کی وجہ سے منی میں عارضی خیمے اکھڑ گئے اور بجلی کی سپلائی بھی تعطل کا شکار رہی جسے بعد میں بحال کر دیا گیا ۔ ادھر پاکستان حج مشن عازمین کوسہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ بعض عازمین کو خیمے الاٹ نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔