Thursday, April 18, 2024

مناسب مقدار میں چاکلیٹ کھانا دل کیلئے مفید ہے: ماہرین صحت

مناسب مقدار میں چاکلیٹ کھانا دل کیلئے مفید ہے: ماہرین صحت
June 29, 2015
لندن (ویب ڈیسک) یونیورسٹی آف ایبرڈین کے ماہرین نے کہا ہے کہ چاکلیٹ کی قابل ذکر مقدار کھانے سے دل کی صحت اچھی رہتی ہے۔ نئی تحقیق میں ماہرین نے دل کی صحت پر طویل عرصے تک چاکلیٹ کھانے کے اثرات معلوم کئے اور چاکلیٹ کھانے والوں میں دل کی بیماریوں اور فالج کے خطرے میں کمی دیکھی۔ برطانوی سائنس دانوں کا یہ مطالعہ نار فوک کے25 ہزار مرد اور خواتین سے پر کرائے جانے والے سوالنامے پر مشتمل تھا جن سے سوال کیا گیا تھا کہ وہ ہر روز کتنی چاکلیٹ یا ہاٹ چاکلیٹ لیتے ہیں۔ محققین نے دل کی بیماریوں کی شرح دیکھنے کےلئے شرکاءکی صحت کا 12 سال تک جائزہ لیا۔ تحقیق میں ہر پانچ میں سے ایک شریک کا کہنا تھا کہ اس نے کبھی چاکلیٹ نہیں کھائی لیکن بہت سے دوسرے شرکاءنے بتایا کہ وہ ہر روز 7 گرام اور کچھ کے بقول یومیہ 100 گرام تک چاکلیٹ کھاتے ہیں۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوا کہ جو لوگ چاکلیٹ کھاتے تھے ان میں دل کی بیماریوں کا خطرہ 11 فیصد اور ان کے نتیجے میں ہونے والی ممکنہ اموات کا خطرہ 25 فیصد کم تھا۔ محققین نے تجویز کیا ہے کہ چاکلیٹ کی قابل ذکر مقدار کھانے سے فالج کا خطرہ 23 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔ اس مطالعے میں چاکلیٹ اور ڈارک چاکلیٹ یعنی دونوں طرح کی چاکلیٹ کھانے کے دل کی صحت پر مثبت اثرات ظاہر ہوئے ہیں۔