Sunday, September 8, 2024

ممنون حسین سے نواز شریف کی ملاقات ،ضرب عضب ،بلوچستان اور سندھ کے امور پر تبادلہ خیال

ممنون حسین سے نواز شریف کی ملاقات ،ضرب عضب ،بلوچستان اور سندھ کے امور پر تبادلہ خیال
August 7, 2015
اسلام آباد(92نیوز)صدر مملکت ممنون حسین سے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ملاقات کی ہے جس میں آپریشن ضرب عضب ،بلوچستان اور سندھ کے امور ، سیلاب کی صورت حال اور متاثرین کی بحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور  صدر مملکت ممنون حسین کے درمیان ملاقات میں  مختلف قومی امور کے بارے میں ہونے والی پیش رفت  پر بات چیت کی گئی ،وزیر اعظم نے  اس سلسلے میں حکومت کے فیصلوں پر انھیں اعتماد میں لیا۔دونوں رہنماؤں نے آپریشن ضرب عضب اور ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا ، ان کے نتائج پرا طمینان کا اظہار کیااور توقع ظاہر کی کہ ان کوششوں کے نتیجے میں ملک کے حالات میں بہتری آئی ہے۔ ملاقات میں بلوچستان اور سندھ کی صورت حال پر تفصیلی مشاورت ہوئی ۔وزیر اعظم نے صدر مملکت کو دونوں صوبوں میں رونما ہونے والی مجموعی صورت حال اور اس سے متعلق حکومت کی پالیسی اور فیصلوں کے بارے میں اعتماد میں لیا ۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ کراچی کے علاوہ اندرون سندھ میں بھی امن وامان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے اور سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئی ہے۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم نے ملک کے مختلف حصوں میں آنے والے سیلاب کی صورت حال اور متاثرین کی بحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرین سیلاب کو بے آسرا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ دونوں رہنماؤں نے مانسہرہ میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے حادثے پر دکھ کا اظہار کیا اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے فوجی افسروں اور جوانوں کی مغفرت اور بلندئ درجات کے لیے دعا کی۔ صدر ممنون حسین نے کہا ملکی معیشت میں روز بروز بہتری آ رہی ہے اس سلسلے میں وزیراعظم اوراُن کی ٹیم کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں جس کے ثمرات عوام کو بھی منتقل ہو رہے ہیں۔