Saturday, April 27, 2024

ممنون حسین سے انٹرنیشنل پولیوپلس کمیٹی کے وائس چیئرمین  اور روٹری کلب فاونڈیشن کے وفد کی ملاقات

ممنون حسین سے انٹرنیشنل پولیوپلس کمیٹی کے وائس چیئرمین  اور روٹری کلب فاونڈیشن کے وفد کی ملاقات
June 30, 2015
اسلام آباد(92نیوز)صدر مملکت ممنون حسین سے چیئرمین، انٹرنیشنل پولیوپلس کمیٹی اور وائس چیئرمین،روٹری کلب فاؤنڈیشن کے وفد نےایوان صدر میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ دو برسوں میں ملک سے پولیو وائرس کا خاتمہ ہو جائے گا، پولیو کے پھیلاؤ کا ذمہ دار پاکستان نہیں بلکہ وہ عناصر ہیں جو خطے میں دہشتگردی کو ہوا دینے کا موجب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے، بین الاقوامی برادری پاکستان کو اس ضمن میں ہر ممکنہ تعاون فراہم کرے تاکہ وہ مسائل کا سامنا کئے بغیر اس مہلک مرض کے انسداد کیلئے مؤثر انداز میں کام کر سکے۔ انہوں صدرممنوں حسین  نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان پولیو کے خاتمے کے لیے یکسو ہے اور اس سلسلے میں سنجیدگی سے کام کر رہاہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر گورنرزسے بات کریں گے اور ان پر زور دیں گے کہ وہ اس وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے انتظامی سقم دور کریں۔ صدر نے اس بات کا ذکر کیا کہ پاکستان کی حکومت کی دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے  بعد انسداد پولیو مہم کے اقدام پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں  نے پولیو وائرس کے خلاف مہم میں حکومت کے ایک بڑے شراکت دار کی حیثیت سے روٹری انٹرنیشنل کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے غیر ملکی وفد نے پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان کی حکومت کی سنجیدہ کوششوں کی تعریف کی اوریقین دلایا کہ وہ پولیو کے سلسلے میں پاکستان پر عائد پابندیوں کے خاتمے کیلئے یونیسیف کے سربراہ سے بات کریں گے۔ ملاقات میں دیگر کے علاوہ روٹری انٹرنیشنل میں ڈائریکٹر پولیو پروگرام کیرل اے پنداک، نیشنل چیئرمین پاکستان پولیو پلس کمیٹی عزیز میمن اور صدارتی سیکرٹریٹ کے سینئر حکام شامل تھے۔