Friday, May 10, 2024

ممنوعہ غیرملکی فنڈنگ حاصل نہیں کی، ہمارا دامن صاف ہے، وزیراعظم عمران خان

ممنوعہ غیرملکی فنڈنگ حاصل نہیں کی، ہمارا دامن صاف ہے، وزیراعظم عمران خان
January 25, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ممنوعہ غیرملکی فنڈنگ حاصل نہیں کی، ہمارا دامن صاف ہے، اپوزیشن نے جو گڑھا کسی کیلئے کھودا اس میں خود گر گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن میں ہمارا موقف درست ثابت ہوا۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ہر کردار کو سامنے لائیں گے۔ اپوزیشن کی خام خیالی ہے کہ وہ پروپیگنڈا کر کے حقائق چھپا لیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں مسلم لیگ ن کی سرپرستی حاصل رہی۔ سیاسی سرپرستی کے بغیرکوئی بھی سرکاری زمین پرقبضہ نہیں کر سکتا۔ قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے۔ حیرت ہے سرکاری زمینوں کا قبضہ چھڑانے کو بھی سیاسی انتقام قرار دیا جا رہا ہے۔ حکومتی ترجمان قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کریں۔

وزیراعظم نے غیرملکی ممنوعہ فنڈنگ پر اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے کی ہدایت کردی۔

قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی پر شہزاد اکبر، فواد چودھری اور فرخ حبیب نے وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ گجرانوالہ میں خرم دستگیر کے پٹرول پمپ سے بھی قبضہ واگزار کرالیا گیا۔ قبضہ واگزار کرکے گجرانوالہ میں فیملی پارک بنا دیا گیا۔

الیکشن کمیشن میں زیر سماعت کیسز پر فرخ حبیب نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ براڈ شیٹ پر وفاقی وزیر فواد چودھری نے بھی اجلاس کو بریفنگ دی۔