Thursday, March 28, 2024

عالم دین اور جامعہ بنوریہ العالمیہ کراچی کے مہتمم مفتی محمد نعیم کو سپرد خاک کردیا گیا

عالم دین اور جامعہ بنوریہ العالمیہ کراچی کے مہتمم مفتی محمد نعیم کو سپرد خاک کردیا گیا
June 21, 2020

کراچی ( 92 نیوز) عالم دین اور جامعہ بنوریہ العالمیہ کراچی کے مہتمم مفتی محمدنعیم کو سپرد خاک کردیا گیا، نمازجنازہ مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی جس میں ہزاروں افرادنے شرکت کی۔

ہر دل عزیز شخصیت،انتہائی  شفیق استاد اور معروف عالم دین مفتی نعیم  اب ہم میں  نہیں  رہے ۔گزشتہ کچھ عرسے سے دل کے عارضے میں مبتلا  ممتاز عالم دین مفتی نعیم ہفتے کی  شب انتقال کر گئے تھے انکی نماز جناز جید عالم دین مفتی تقی عثمانی نے ادا کی۔

نماز جنازہ میں علما رفقا ملکی اور غیر ملکی طلبہ سیاسی  اور مذہبی شخصیات سمیت ہزاروں افراد  نے شرکت کی اور مفتی نعیم کی وفات کو ایک عظیم نقصان قرار دیا۔

انیس سو اٹھاون کو کراچی میں پیدا ہونے والے مفتی نعیم  نے ابتدائی تعلیم اپنے والد جبکہ کے اعلی تعلیم بنوری ٹاؤن سے حاصل کی اور پھر سائٹ ایریا میں واقع اپنے والد کے مدرسے  کو ایک بڑی جامعہ میں تبدیل کردیا جو جامعہ علوم اسلامیہ بنوریہ عالمیہ کے نام سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں پہچانی جانے لگی۔

محمد نعیم سات جلدوں پر مشتمل تفسیر روح القرآن، شرح مقامات ، نماز مدلل اور دیگر کتب کے مصنف تھے اور وفاق المدارس  العربیہ پاکستان کی مجلس شوریٰ کے متحرک رکن  رہ چکےتھے۔

مفتی نعیم کو بنوری قبرستان سائٹ ایریا  میں انکے والد کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا ۔

وزیراعظم، آرمی چیف، گورنر، وزیراعلیٰ سندھ، شہباز شریف اور دیگر شخصیات نے مفتی نعیم کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

معروف عالم دین اور جامعہ بنوریہ سائٹ ایریا کے مہتمم مفتی محمد نعیم 65 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے ہیں۔ مرحوم کے سوگواروں میں اہلیہ، 2 بیٹے، 2 بیٹیاں شامل ہیں۔

مفتی  نعیم کے انتقال کی تصدیق ان کے صاحبزادے مفتی محمد نعمان نے گزشتہ رات کی تھی، انہوں نے بتایا کہ انکے والد کا انتقال اسپتال لے جاتے وقت ہوا ۔ وہ کئی روز سے علیل تھے اور کچھ ماہ پہلے اسپتال سے ڈسچارج ہو کر گھر آئے تھے۔

مہتمم مفتی نعیم کے انتقال پر جامعہ بنوریہ  کے کوآرڈی نیٹر کا کہنا تھا کہ وہ دل اور سانس کے عارضے میں مبتلا تھے، حال ہی میں انہوں نے اپنا کورونا کا ٹیسٹ بھی کروایا جو منفی آیا تھا۔