Thursday, April 18, 2024

ممتاز گائیک استاد غلام حسن شگن کی یاد میں محفل موسیقی‘ گلوکاروں کی شاندار پرفارمنس

ممتاز گائیک استاد غلام حسن شگن کی یاد میں محفل موسیقی‘ گلوکاروں کی شاندار پرفارمنس
May 29, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور میں گوالیار گھرانے کے ممتاز گائیک استاد غلام حسن شگن کی پہلی برسی کے حوالے سے ایک شام کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوان گلوکاروں نے اپنے فن کا شاندار مظاہر ہ کیا جسے شائقین نے خوب پسند کیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور آرٹس کونسل کے زیراہتمام الحمرا ہال میں موسیقی کے لیجنڈ استاد غلام حسن شگن کی یاد میں موسیقی کی ایک شام سجائی گئی۔ کلاسیکی موسیقی کی اس شام میں گوالیار گھرانے کے ابھرتے ہوئے گلوکاروں نے استاد شگن سے اپنی محبت کا خوب صورت اظہار کیا۔ کلاسیکی موسیقی کے میدان میں نام پیدا کرنے کی جستجو میں مصروف گلوکار ندیم ریاض اور بابر علی نے مختلف راگ گاتے ہوئے اپنی آواز کا جادو جگایا تو شائقین نے دل کھول کر داد دی۔ گوالیار گھرانے کے ابھرتے ہوئے گائیک اور استاد غلام حسن شگن کے پوتے نے بھی اپنے دادا سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ گلوکار فہیم مظہر کا تعلق کسی موسیقی کے نامور گھرانے سے نہیں تاہم انہوں نے راگ لنکیشری کا ایسا سر چھیڑا کہ جس نے دلوں کے تار چھیڑ دیے۔