Sunday, May 5, 2024

ممتاز کمپیئر طارق عزیز خالق حقیقی سے جا ملے

ممتاز کمپیئر طارق عزیز خالق حقیقی سے جا ملے
June 17, 2020
 لاہور (92 نیوز) ممتاز کمپیئر طارق عزیز خالق حقیقی سے جا ملے۔ لاہور میں نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔ دیکھتی آنکھوں، سنتے کانوں کو طارق عزیز کا ہمیشہ کیلئے خدا حافظ، طارق عزیز 84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ فیملی کا کہنا ہے کوئی بیماری نہیں تھی، گلے میں تکلیف پر اسپتال لائے جہاں چل بسے۔ طارق عزیز نے پی ٹی وی کے پروگرام نیلام گھر سے شہرت پائی، نیلام گھر 1974 میں شروع ہوا اور 4 دہائیوں تک دلوں پر چھایا رہا، فلموں میں اداکاری کی، پہلی فلم انسانیت 1967ء میں ریلیز ہوئی، کالم نگار، ادیب اور شاعر بھی تھے۔ بہترین فنی خدمات پر 1992 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا، طارق عزیز 1997 سے 1999 تک ممبر قومی اسمبلی رہے، 1997 کے الیکشن  میں طارق عزیز  نے موجودہ وزیراعظم عمران خان کو شکست دی تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے طارق عزیز کی وفات پر افسوس کیا، وزیراعظم  نے لواحقین سے دلی اظہار ہمدردی کی اور کہا طارق عزیز کی وفات پر افسردہ ہوں، طارق عزیز اپنے دور کے آئیکون اور ٹی وی گیم شو کے بانی تھے۔ اسپیکر اسد قیصر، گورنر پنجاب اور سندھ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ کے پی، شہباز شریف، چودھری پرویز الہٰی، چودھری شجاعت، راجہ ظفرالحق،شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، شبلی فراز، بلاول بھٹو نے خراج عقیدت پیش کیا۔