Friday, April 26, 2024

ممتاز کمپیئر اور اداکار معین اختر کو بچھڑے دس برس بیت گئے

ممتاز کمپیئر اور اداکار معین اختر کو بچھڑے دس برس بیت گئے
April 22, 2021

کراچی (92 نیوز) ممتاز کمپیئر اور اداکار معین اختر کو بچھڑے دس برس بیت گئے۔ معین اختر نے ٹی وی، فلم، ریڈیو اور اسٹیج پر صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

لاجواب ڈائیلاگ ڈلیوری اور ہر کردار میں حقیقت کا رنگ بھر دینے کا فن رکھنے والے معین اختر کو اگر پاکستانی تاریخ کا سب سے ورسٹائل فنکار کہا جائے تو شائد غلط نہ ہو گا۔

ٹی وی ڈرامے ہوں یا پھر سلور اسکرین معین اختر نے ہر جگہ اپنی لازوال اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑے ۔ ڈرامہ سیریل روزی، میں وہ اپنے فن کی بلندیوں پر نظر آئے جبکہ آنگن ٹیڑھا، انتظار فرمائیے، بندر روڈ سے کیماڑی ،ہاف پلیٹ اور عید ٹرین جیسے بے مثال ڈرامے آج بھی انکے مداحوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔

اسٹیج شوز کی بات کی جائے تو معین اختر کا ڈنکا نہ صرف  پاکستان اور بھارت بلکہ دنیا بھر میں بجا ۔ بڈھا گھر پر ہے ، یس سر عید نو سر عید ، بے بیا معین اختر ، بکرا قسطوں پر ، معین اختر کے یادگار اسٹیج شوز ہیں۔

یہ عظیم فنکار 22 اپریل2011 کو اپنے کروڑوں مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر جہان فانی سے کوچ کر گیا مگر پھر بھی اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔