Thursday, April 25, 2024

ممتاز عالم دین مفتی محمد نعیم کی نماز جنازہ آج ادا کی جائیگی

ممتاز عالم دین مفتی محمد نعیم کی نماز جنازہ آج ادا کی جائیگی
June 21, 2020
کراچی (92 نیوز) ممتاز عالم دین مفتی محمد نعیم خالق حقیقی سے جا ملے، نماز جنازہ آج ادا کی جائیگی، مفتی نعیم دل اور پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ مفتی محمد نعیم کو طبیعت خراب ہونے پر گزشتہ رات کراچی کے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہو سکے، میت جامعہ بنوریہ منتقل کی گئی، بڑی تعداد میں طالب علم جمع ہیں۔ وزیراعظم، آرمی چیف، گورنر، وزیراعلیٰ سندھ، شہباز شریف اور دیگر شخصیات نے مفتی نعیم کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ معروف عالم دین اور جامعہ بنوریہ سائٹ ایریا کےمہتمم مفتی محمد نعیم 65 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے ہیں۔ مرحوم کے سوگواروں میں اہلیہ، 2 بیٹے، 2 بیٹیاں، 5 بھائی اور 3 بہنیں شامل ہیں۔ مفتی  نعیم کے انتقال کی تصدیق ان کے صاحبزادے مفتی محمد نعمان نے گزشتہ رات کی تھی، انہوں نے بتایا کہ انکے والد کا انتقال اسپتال لے جاتے وقت ہوا وہ کئی روز سے علیل تھے اور کچھ ماہ پہلے اسپتال سے ڈسچارج ہو کر گھر آئے تھے۔ مہتمم مفتی نعیم کے انتقال پر جامعہ بنوریہ  کے کوآرڈی نیٹر کا کہنا تھا کہ وہ دل اور سانس کے عارضے میں مبتلا تھے، حال ہی میں انہوں نے اپنا کورونا کا ٹیسٹ بھی کروایا جو منفی آیا تھا۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر جامعہ بنوریہ میں ادا کی جائے گی اور ان کے والد کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ مفتی  نعیم اپنی وفات تک جامعہ بنوریہ سائٹ کے سربراہ رہے اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رکن بھی رہ چکے تھے۔