Thursday, March 28, 2024

ممبئی میں جناح ہاؤس پر قبضے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگے ، دفتر خارجہ

ممبئی میں جناح ہاؤس پر قبضے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگے ، دفتر خارجہ
December 20, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) دفتر خارجہ نے کہا ممبئی میں جناح ہاؤس پر پاکستان کا کلیم ہے ۔ بھارتی حکومت کے قبضے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔ پاکستان اور کشمیری یک جان ہو گئے اور ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی مظالم کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ ہفتہ وار بریفنگ میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی وحشیانہ بربریت پر 15شہادتوں کی شدید مذمت بھی کی۔ انہوں نے کہا طاقت کے زور پر مظلوم کشمیریوں کی آواز نہیں دبائی جا سکتی۔  کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ اجلاس کی تجویز دے دی اور کہا دستاویزی ثبوت ہیں، جناح ہاﺅس ممبی پاکستان کی ملکیت ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق طالبان پر محدود اثرورسوخ ہے تاہم ابوظہبی میں امریکہ افغان طالبان مذاکرات میں دفتر خارجہ کا نمائندہ موجود تھا ، اہم کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری غیر قانونی طور پر پاکستان آیا، گرفتاری پر سزا ہوئی ، تکمیل پر رہا کر دیا۔ بھارت کیساتھ یکم جنوری کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہو گا۔ ترجمان نے کرتارپورکی زمین کی بھارت سپردگی کی خبریں سختی سے مسترد کر دیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانیوں کیساتھ شادی شدہ 44 چینی خواتین میں سے 6 پاکستان ، 23 سنکیانگ ،4 زیر حراست، 3 زیر تفتیش اور 8 رضاکارانہ تربیت حاصل کر رہی ہیں ۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا سری لنکا اور امریکا میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے کوشاں ہیں۔