Sunday, September 8, 2024

ممبئی حملوں کے حوالے سے بھارت سے مزید ثبوت مانگے ہیں : دفترخارجہ

ممبئی حملوں کے حوالے سے بھارت سے مزید ثبوت مانگے ہیں : دفترخارجہ
June 30, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج جمہوری عمل کی حامی ہیں۔ پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ پاک امریکہ تعلقات کو صرف ایف سولہ کے تناظر میں ہی نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے اپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا ہے کہ ممبئی حملوں کے حوالے سے پاکستان نے بھارت سے مزید ثبوت مانگ لیے ہیں۔ سیکرٹری خارجہ نے بھارتی ہم منصب کو مزید ثبوت فراہم کرنے کے لیے خط لکھا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ مسلح افواج جمہوری عمل کی حامی ہیں، پاک بھارت مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاک امریکہ تعلقات کو صرف ایف سولہ کے تناظر میں ہی نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ امریکی سینیٹر جان مکین جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل میں معاونت کیلئے تیار ہے۔ پاکستان چار ملکی گروپ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ جب افغانستان مذاکرات کیلئے تیار ہوگا ہم سہولت فراہم کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ کلبوشن یادیو سے کی گئی تحقیقات کی روشنی میں دہشت گردی میں ملوث افراد تک پہنچا جا رہا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کی مدت 31 دسمبر تک بڑھا دی گئی ہے۔