Sunday, May 5, 2024

ممئی حملہ کیس کی تحقیقات میں سب سے بڑی رکاوٹ خود بھارت ہے ، چودھری نثار

ممئی حملہ کیس کی تحقیقات میں سب سے بڑی رکاوٹ خود بھارت ہے ، چودھری نثار
May 13, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) سابق وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ بھارت ممبئی حملہ کیس کی تحقیقات میں خود سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ چودھری نثار نے کہا کہ بھارت نے بڑی چالاکی سےاجمل قصاب کو پھانسی پرچڑھادیا اور ہماری ٹیم کو اجمل قصاب سے سوالات کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکومت پاکستان کو بدنام کرنے کےلیےاسے استعمال کررہی ہے۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بیان اور اس پر بھارت کی طرف سے ردعمل پرسابق وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے وضاحتی بیان جاری کردیا، ممبئی حملہ کیس میں بھارتی ہٹ دھرمی پر کڑی تنقید کی۔ چودھری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں کے حوالے سے پاکستان میں چلائے جانے والے کیس میں تعطل اور سست روی پاکستان کی وجہ سے نہیں بلکہ ہندوستان کی طرف سے عدم تعاون اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے ہوئی ، انھوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے اس واقعے کو بین الاقوامی طور پر پاکستان کو بدنام کرنے کے آلہ کار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ چوہدری نثارعلی خان نے مزید کہا کہ یہ واقعہ ہندوستان میں ہوا اور اس کے 90 فیصد شواہد اور حقائق ہندوستان کے پاس تھے۔پاکستان کی تمام تر کوششوں کے باوجود بھارتی حکومت متعلقہ شواہد ہمارے تحقیقاتی ادارے کے ساتھ شیئر کرنے سے گریزاں تھی۔اجمل قصاب جو اس واقعے کا واحد زندہ ثبوت تھااس کو کمال پھرتی سے پھانسی گھاٹ پر پہنچا دیا گیا۔ سابق وزیرداخلہ کا کہناتھا کہ ممبئی حملوں کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے تعاون کی ایک ایک درخواست، خط اور اعلان ریکارڈ پر ہے اور ایف آئی اے کے پاس محفوظ ہے جبکہ ہندوستان کی جانب سے عدم تعاون، عدم دلچسپی، حیل و حجت اور ہٹ دھرمی بھی ریکارڈکا حصہ ہے۔