Saturday, May 11, 2024

ملین مارچ 27 اکتوبر کو ہی ہو گا، جے یو آئی ف کا نظرثانی سے انکار

ملین مارچ 27 اکتوبر کو ہی ہو گا، جے یو آئی ف کا نظرثانی سے انکار
October 4, 2019
پشاور (92 نیوز) جمعیت علماء اسلام (ایف) کے رہنماء اکرم خان درانی نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کی تاریخ میں رد وبدل کے امکان کو مسترد کر دیا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور جے یو آئی (ایف) کے رہنماء اکرم خان درانی نے واضح کیا کہ آزادی مارچ کے لئے 27 اکتوبر کی تاریخ تبدیل نہیں ہو گی۔ اکرم درانی کا کہنا تھا کہ کشمیر کا جھنڈا اٹھا کر 27 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ اسی روز سے حکومت کے خلاف احتجاج کا بھی آغاز ہو جائے گا۔ اکرم درانی کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ میں شرکت کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو قائل کر لیں گے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے وزیر اعلٰی محمود خان کے آزادی مارچ کو روکنے کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں روکنے کی کوشش کی گئی تو وزیر اعلٰی اپنے گھر سے باہر نہیں نکل سکیں گے۔