Monday, September 16, 2024

ملیریا اور زکا وائرس کے خلاف مرغیاں تباہ کن ہتھیار ہیں : تحقیق میں انکشاف

ملیریا اور زکا وائرس کے خلاف مرغیاں تباہ کن ہتھیار ہیں : تحقیق میں انکشاف
July 21, 2016
سٹاک ہوم (ویب ڈیسک) ویسے تو مرغیاں گھروں کی رونق ہوتی ہیں اور ان سے انڈے حاصل کیے جاتے ہیں۔ مرغے صبح کی اذان دیکر افراد خانہ کو جگانے کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں۔ مرغیوں کے ان فوائد کے باوجود ایک حالیہ تحقیق نے ایسا انکشاف کیا ہے کہ جس سے بجاطور پر مرغیاں پالنے والے افراد کی حوصلہ افزائی ہو گی اور دیگر کو مرغیاں پالنے کی ترغیب ملے گی۔ تحقیقی جریدے ”ملیریا جرنل“ میں چھپنے والی تحقیق کے مطابق مرغیاں نہ صرف ملیریا سے بچانے میں مددگار ہیں بلکہ دنیا بھر میں دہشت پھیلانے والے زکا وائرس کیخلاف بھی موثر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سویڈش اور ایتھوپین محققین نے پتا چلایا ہے کہ پنجرے میں بند مرغیاں مچھروں کو گھروں سے راہ فرار اختیار کرنے پر مجبور کر دیتی ہیں۔ محققین کا ماننا ہے کہ مرغیاں مچھروں کیلئے خوف کی علامت ہیں کیونکہ کیڑے مکوڑے اور مچھر ان کی خوراک کا اہم حصہ ہیں۔ اگر بدلے کی آگ میں جلنے والے مچھر کسی مرغی کو کاٹ بھی لیں تو الٹا انہیں نقصان ہی اٹھانا پڑتا ہے کیونکہ مرغیوں کا خون ہضم کرنا ان کیلئے ناکوں چنے چبانے کے مترادف ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ مرغیوں کی بو سونگھ کر مچھر اپنا راستہ بدل لیتے ہیں اور جن گھروں میں مرغیاں ہوں مچھر ان کی طرف رخ بھی نہیں کرتے۔ محققین کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے دیکھا کہ ملیریا کے مچھر مرغیوں کی مخصوص بو سونگھ کر فرار ہو گئے۔ محققین نے مرغیوں کی افزائش کو مچھروں سے لاحق ہونے والی تمام بیماریوں کیخلاف موثر ہتھیار قرار دیا ہے حتیٰ کہ زکا وائرس کیخلاف بھی۔ خیال رہے کہ پچاس ممالک میں پھیلنے والے زکا وائرس پر عالمی ادارہ صحت گلوبل ایمرجنسی جاری کر چکا ہے۔