Friday, March 29, 2024

ملی مسلم لیگ ‏کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن سے متعلق درخواست مسترد

ملی مسلم لیگ ‏کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن سے متعلق درخواست مسترد
March 2, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) الیکشن کمیشن نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے متعلق درخواست مسترد کر دی ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وزارت داخلہ کے خط کے مطابق لگتا ہے کہ اس جماعت کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے ۔ الیکشن کمیشن نےملی مسلم لیگ کو وزارت داخلہ سے کلیئرنس ملنے کے بعد دوبارہ رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4رکنی بنچ نے معاملے کی سماعت کی۔ ملی مسلم لیگ کے وکیل راجہ عبدالرحمن ایڈووکیٹ نے کہا کہ کیااب ہر سیاسی جماعت کو وزارت داخلہ سے کلیئرنس لینا ہوگی۔پارٹی کے کسی عہدیدار کا تعلق کالعدم جماعت سے نہیں ۔ قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ وزارت داخلہ کے خط سے لگتا ہے کہ پارٹی کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے۔ الیکشن کمیشن کے پاس 350سے زائد جماعتیں رجسٹر ڈ ہیں۔ کسی جماعت کی حقیقت کا پتہ نہیں چلتا ۔ الیکشن کمیشن کی اپنی کوئی اطلاع نہیں ہوتی ۔ حکومت سے ہی مدد لی جاتی ہے۔ سماعت کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا جسے کچھ دیر بعد سنایا گیا ۔ فیصلے میں ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی درخواست خارج کر دی گئی ۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ وزارت داخلہ کے اعتراضات سنجیدہ نوعیت کے ہیں  یہ وکیل صفائی بھی سمجھتے ہیں ۔ پہلے وزارت داخلہ کے اعتراضات دور کئے جائیں ۔ وہاں کلیئرنس ملنے کے بعد الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ملی مسلم لیگ عدالت سے بھی رجوع کرسکتی ہے۔