Thursday, April 25, 2024

ملکی صورتحال پراپوزیشن وزیراعظم کیساتھ ہے،بلاول،خیرمقدم کرتے ہیں ‏،شہریار آفریدی

ملکی صورتحال پراپوزیشن وزیراعظم کیساتھ ہے،بلاول،خیرمقدم کرتے ہیں ‏،شہریار آفریدی
November 1, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرنے کے ساتھ ساتھ حمایت کی یقین دہانی بھی کرادی۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا پاکستان جل رہا ہے اور وزیراعظم ایوان میں موجود نہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیرداخلہ سے امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ کی توقع تھی، وزیراعظم کا ایوان میں موجود نہ ہونا افسوسناک ہے۔ وزیراعظم سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ، ریاستی عملداری کے لیے قدم بڑھائیں حزب اختلاف ان کا ساتھ دے گی۔ وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے بلاول کے بیان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد سے ہی اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔ وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ہوگا تو تمام مسائل حل ہوں گے، انہوں نے ملک میں وسیع مفاہمت کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ شہریارآفریدی کا کہنا تھا کہ ریاست کے اندرایک اور ریاست بنانے کی کوشش کی گئی ہے، شہریوں کو کسی سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ۔ وزیرمملکت برائے داخلہ نے کہا سب لوگوں کو قومی بحران کے وقت سیاسی دکانیں چمکانے سے باز رہنا چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد کا مظاہرہ ضروری ہے۔