Friday, March 29, 2024

سب باتیں مان لیں گے،کرپشن کیخلاف کارروائی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، وزیراعظم

سب باتیں مان لیں گے،کرپشن کیخلاف کارروائی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، وزیراعظم
December 22, 2018
لاہور ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی سب باتیں مان لیں گے مگر  کرپشن کے خلاف کارروائی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،  ملک کی سالمیت کیلئے احتساب ضروری ہے، اپوزیشن والوں پر مقدمات پرانے ہیں، اسمبلی کو کرپشن کا پیسہ بچانے کیلئے استعمال ہونے نہیں دیں گے، سابق حکمرانوں کی عیاشیوں کے باعث ملک بدحالی کا شکار ہوا۔ لاہور میں پنجاب حکومت کی 100روزہ کار کردگی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کوچیئرمین پی اےسی بنانے پردنیا میں ہمارا مذاق اڑے گا، شہباز شریف جیل سے پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کا سربراہ بن گیا، چارٹر آف ڈیموکریسی کے نام پر مک مکا کیا گیا ۔ ایک سال میں سارے سول مقدمات کا فیصلہ کرنے کیلئے قانون سازی کریں گے۔ وزیر اعظم کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ سابق اسمبلی نے قانون منظور کیا کہ ایک سزا یافتہ کرپٹ  شخص پارٹی کی سربراہی کر سکتا ہے ، شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی بنانے پر دنیا میں ہمارا مذاق اڑے گا۔ پنجاب حکومت کی کارکردگی سے متعلق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ  پنجاب میں 160ارب روپے کی  اور اسلام آباد میں 350ارب روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی ۔ کرپشن کے خاتمے سے متعلق  وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ  ہمسایہ ملک چین نے 400 وزرا اور ہزاروں سرکاری ملازمین کو کرپشن  پر گرفتار کیا ۔ جب کوئی کرپشن کرتا ہے تو اس کی قیمت عوام کو چکانی پڑتی ہے ۔ ہمارے دور میں نیب نے ایک بھی کیس نہیں بنایا ، تمام کیسز گزشتہ ادوار میں بنے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ ماضی میں ایسے حکمران بھی آئے جن کےبچوں کے کاروبار بیرون ممالک تھے ، علاج کیلئے باہر جاتے تھے ، عیدیں باہر مناتے تھے ، عثمان بزدار  کا جینا مرنا سب کچھ پاکستان میں ہے ۔ اس سے قبل ایک تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ہم امن کے داعی ہیں ، امن کیلئے جو کردار ادا کرنا پڑا کریں گے ، پاکستان کو جہاں بھی ضرورت پڑی ثالث کا کردار ادا کریگا، پاکستان کی فوج اب کسی اور کی جنگ نہیں لڑے گی ، امداد کے بدلےہم نے ان کی اب کوئی جنگ نہیں لڑنی ۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم سعودی عرب اور ایران کے تعلقات کو بھی بہتر کرائیں گے ۔