Friday, April 19, 2024

ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، اسٹیٹ بینک

ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، اسٹیٹ بینک
November 19, 2020
کراچی (92 نیوز) ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ذخائر 2 فروری 2018 کی بلند سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ مرکزی بینک کے ذخائر 12 ارب 93 کروڑ ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب 15 کروڑ ڈالر موجود ہیں، ملکی مجموعی ذخائر 20 ارب 8 کروڑ 56 لاکھ ڈالر ہیں۔ اس سے چند روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے ملاقات کی تھی اور زرمبادلہ کی شرح میں اضافے اور مالیاتی اشاریوں کے حوالے سے وزیر خارجہ کو بریفنگ دی تھی۔ وزارت خارجہ میں ہونے والی اس ملاقات میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا کی عالمی وباء نے پوری دنیا کی معیشت کو شدید متاثر کیا ہے۔ کورونا کے باعث پاکستان جیسے ترقی پذیر اور محدود وسائل کے حامل ممالک، معاشی طور پر شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا، کورونا عالمی وبائی چیلنج کے باوجود زرمبادلہ کی شرح میں اضافہ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ مزید کہا یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کیلئے جی پی ایس پلس سٹیٹس کا تسلسل، روپے کی قدر میں اضافہ اور دیگر معاشی اشارے ہماری درست سمت کی نشاندہی کر رہے ہیں۔