Friday, April 26, 2024

ملکی خزانے کی چابیاں عبدالحفیظ شیخ کے سپرد کر دی گئیں

ملکی خزانے کی چابیاں عبدالحفیظ شیخ کے سپرد کر دی گئیں
April 19, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) ملکی خزانے کی چابیاں عبدالحفیظ شیخ کے سپرد کر دی گئیں۔ اپنی مرضی کی معاشی ٹیم لانے کا اختیار بھی دے دیا گیا۔

 اقتصادیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھنے والے مشیر خزانہ کو ملکی معشیت کی بحالی ، بیرونی قرضوں کا دباو ، زرمبادلہ کے گرتے ذخائر ، کرنٹ اکاونٹ خسارہ ، مہنگائی میں کمی اور بجٹ سازی سمیت متعدد معاشی چیلنجز کا سامنا رہے گا۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا شمار دنیا کے بہترین معاشی ماہرین میں ہوتا ہے۔ نجکاری میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ ہاورڈ اور کیمبرج یونیوسٹی سے منسلک رہے۔ عالمی بینک کے معاشی آپریشنز برائے سعودی عرب کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔

 عبدالحفیظ شیخ ارجنٹینا میں نجکاری کتاب کے مصنف بھی ہیں۔ ٹیلی کمیونیکیشن، ٹرانسپورٹ، ایوی ایشن اور بینکوں کی نجکاری میں مہارت رکھتے ہیں۔

 وہ 2000 میں پاکستان لوٹے اور سندھ کے وزیر خزانہ اور منصوبہ بندی رہے۔ انہوں نے 2003 میں بطور وفاقی وزیر نجکاری منصب سنبھالا۔ بعد میں وہ مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میں عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ مقرر کیا گیا۔2010 میں پیپلزپارٹی نے انہیں سینیٹ سے منتخب کرایا۔ وہ فروری 2013 تک پاکستان کے وزیر خزانہ رہے۔

 مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ معاشی پالیسی سازی میں 30 سال سے زائد تجربہ رکھتے ہیں۔