Sunday, September 8, 2024

ملکی حالات کو ٹھیک کرنے کیلئے تیسری قوت کی ضرورت ہے  : پرویز مشرف

ملکی حالات کو ٹھیک کرنے کیلئے تیسری قوت کی ضرورت ہے  : پرویز مشرف
August 10, 2015
اسلام آباد(92نیوز)سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کے حالات کو ٹھیک کرنے کے لیے تیسری سیاسی قوت کا آنا بہت ضروری ہے۔ مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی چار چار مرتبہ حکومت کرچکیں۔ ان سے چھٹکارا حاصل کرنا پڑے گا پی ٹی آئی نے تبدیلی کا نعرہ لگایا مگر اندرونی جھگڑوں کا شکار ہوچکی ہے۔ تفصیلات کےمطابق سابق صدر پرویز مشرف نے اسلام آباد میں کارکنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون پاکستان کے حالات ٹھیک کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی ہیں جب کہ پی ٹی آئی اندرونی لڑائی جھگڑوں کا شکار ہوچکی ہے، ملکی حالات کو ٹھیک کرنے کے لیے تیسری سیاسی قوت کا آنا بہت ضروری ہے۔ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور پنجاب میں ایک گروہ فرقہ وارانہ دہشت گردی کررہا ہے، اور بد قسمتی سے بعض سیاسی لوگ بھی اس میں ملوث ہیں۔ یہی گروپ کراچی میں بھی دہشت گردی میں ملوث ہے رینجرز آپریشن کے بعد کراچی کے حالات ٹھیک ہورہے ہیں۔ سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ ہندوستان کا رویہ ٹھیک نہیں ہے نریندر مودی پاکستان کو دھمکیاں دے رہے ہیں پاکستان کو دھمکیوں سے ڈرنے کی بجائے اینٹ کا جواب پتھر سے دینا چاہیئے۔