Sunday, May 12, 2024

ملکی تاریخ کی کرپٹ اور نااہل ترین حکومت اقتدار میں ہے، شاہد خاقان عباسی

ملکی تاریخ کی کرپٹ اور نااہل ترین حکومت اقتدار میں ہے، شاہد خاقان عباسی
November 7, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے ملکی تاریخ کی کرپٹ اور نااہل ترین حکومت اقتدار میں ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستان کے مسائل حل کرنے کیلئے عدلیہ معاملے کا نوٹس لے۔ ڈسکہ الیکشن کی انکوائری میں خوفناک انکشافات ہیں۔ شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ پہلی بار الیکشن سے متعلق حقائق عوام کے سامنے آئے ہیں۔ 

شاہد خاقان عباسی نے کہا ایک رپورٹ جو پبلک نہیں ہوئی این اے 75 ڈسکہ کے الیکشن پر یہ رپورٹ ہے۔ یہ سعید گل نے 133 صفحات پر رپورٹ بنائی ہے جس میں خوفناک انکشافات ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ الیکشن شفاف اور آزاد ماحول میں نہیں ہو سکے ہیں۔ فی میل پریذائیڈنگ افسران کو کہا گیا حکومت کی مدد کرنی ہے اور دھاندلی میں مداخلت نہیں کرنی۔ ایس ایچ او پریذائیڈنگ افسران کو ڈراتے دھمکاتے رہے۔ پریذائیڈنگ افسران کو کہا گیا کہ ہم جو بھی کر رہے ہیں اس میں مداخلت نہیں ہونی چاہئے۔

لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا بدنیتی پر مبنی قانون سازی کبھی کامیاب نہیں ہوتی۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو لایا ہی دھاندلی کے لیے گیا ہے۔ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے پارلیمنٹ کا نہیں۔