Monday, May 6, 2024

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہورمیں میٹروٹرین چلےگی

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہورمیں میٹروٹرین چلےگی
April 12, 2015
لاہور(92نیوز)ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور میں میٹرو ٹرین چلے گی جبکہ منصوبے کے لئے پاکستان اور چین میں معاہدہ طے پا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اورنج لائن میٹروٹرین ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا اورمنفرد منصوبہ ہو گا،ستائیس کلومیٹر طویل میٹرو ٹرین کیلئے مختلف روٹ پر چھبیس اسٹیشن تعمیر کئے جائیں گے۔ صوبائی دارالحکومت کے دو لاکھ سے زائد لوگ روزانہ ا س پر سفر کر سکیں گے،جدید ترین ٹرانسپورٹ نظام کے حوالے سے اس انقلابی پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور بھی دنیا کے ان شہروں میں شامل ہو جائیگا جہاں میٹروٹرین چلے گی۔ لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے چائنہ ریلویز اور نورینکو انٹرنیشنل کے نمائندہ وفدنے ملاقات کی ۔ چین کے لاہور میں قونصل جنرل یو بورن بھی ملاقات میں شریک ہوئے اس موقع پر منصوبے پر تبادلہ خیال ہوا اور پراجیکٹ کے حوالے سے اتفاق رائے کیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر اتفاق رائے کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ اعلیٰ معیار ، شفافیت اور انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا، اور یہ پاک چین لازوال دوستی کا شاہکار ہوگا۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے منصوبے پر اتفاق رائے کو پنجاب کی سیاسی و انتظامی ٹیم اور چین کے متعلقہ اداروں کی دن رات محنت کا ثمر قرار دیا۔