Friday, April 19, 2024

ملکی تاریخ میں پہلی بار 10 گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ روپے سے بڑھ گئی

ملکی تاریخ میں پہلی بار 10 گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ روپے سے بڑھ گئی
July 23, 2020
 کراچی (92 نیوز) ملکی تاریخ میں پہلی بار 10 گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ  روپے سے بڑھ گئی۔ 10 گرام سونا 1972 روپے مہنگا ہو کر 1 لاکھ 566 روپے کا ہو گیا۔ فی تولہ سونا بھی 2300 روپے مہنگا ہو کر 1 لاکھ 17 ہزار 300 روپے کا ہو گیا۔ سونے کے جھمکے خواب بن گئے ۔ کلائیوں میں طلائی چوڑیاں  پہننا متوسط طبقے  کی خواتین کیلئے تو ناممکن ہو گیا ۔ آسمان سے باتیں کرتی سونے کی قیمت نے عوام کی نیندیں اڑا کر رکھ دی ہیں۔ رواں برس تو سونے کی قیمتوں نے اگلی پچھلی کسریں نکال دی۔ عالمی تجارت اب بھی کورونا کی لپیٹ میں ہے لیکن سونا واحد چیز ہے جو تسلسل کے ساتھ عوام کی پہنچ سے دور ہوتا جارہا ہے۔ سونے کی قیمت تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ جنوری دو ہزار بیس  کی بات کریں تو اس وقت سونے کی فی تولہ قیمت 88 ہزار 100 روپے تھی ، جبکہ 10گرام سونا 75500 روپے کا تھا۔ فروری میں سونا فی تولہ 91500 تک پہنچ چکا تھا۔ مارچ میں سونے کی قیمت مزید بڑھ گئی ۔ فی تولہ سونا 92 ہزار500 جبکہ 10 گرام سونا 79 ہزار 300 روپے میں فروخت ہوا۔ اپریل میں سونا 91 ہزار 500 سے سیدھا 98 ہزار 900 کی قیمت تک پہنچ گیا۔ مئی میں سونے کی قیمت ایک لاکھ  کی سطح بھی کراس کر گئی ۔ فی تولہ سونا ایک لاکھ 1500 اور 10 گرام سونا 87 ہزار روپے میں فروخت ہوا۔ ایک لاکھ  تک پہنچنے کے بعد بھی سونا نہ رکا۔ جون میں قیمت ایک لاکھ چھ ہزار سے بھی بڑھ گئی ۔ دس گرام سونا 91 ہزار دوسو کی سطح پر جا پہنچا۔ جولائی میں سونا اور مہنگا ہو گیا۔ فی تولہ سونا ایک  لاکھ بارہ ہزار روپے کا ہو گیا۔ 10 گرام سونے کی قیمت 96 ہزار تک جا پہنچی۔ 17جولائی کو معمولی سی کمی دیکھنے میں آئی  جس سے سونے کی قیمت ایک لاکھ نو ہزار چھ سو پچاس روپے ہو گئی۔ 10 گرام سونا 94 ہزار سات روپے کا ہو گیا لیکن اس کے بعد سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سات ماہ سونے کی قیمت میں تقریباً تیس ہزار روپے کا اضافہ ہوا یعنی  سونا ہر ماہ چار ہزار روپے سے بھی زیادہ مہنگا ہوا۔ عالمی مارکیٹ میں سونا 1500 ڈالر فی اونس سے بڑھ کر 1882 ڈالر کا ہو چکا ہے۔ اسٹاک ایکسچینج کریش کرے یاعالمی معیشت کا پہیہ رک جائے یا پھر تیل مفت بکنا شروع ہو جائے سونے کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ سونے کے زیورات تو اب خواب بن چکے ہیں۔