Friday, April 26, 2024

ملکہ کوہسار نے سفید چادر اوڑھ لی‘ پنجاب میں دھند پڑنے کا آغاز

ملکہ کوہسار نے سفید چادر اوڑھ لی‘ پنجاب میں دھند پڑنے کا آغاز
December 13, 2015
کوئٹہ (92نیوز) کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں سردی کی شدت تیسرے روز بھی برقرار رہی۔ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرجانے کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔ محکمہ موسمیات نے آج سے پنجاب میں دھند پڑنے کی پیشگوئی کی ہے جس کا سلسلہ تین سے چار ہفتے تک جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق شمالی بلوچستان سمیت صوبائی دارالحکومت کوئٹہ تیسرے روز بھی شدید سردی کی لپیٹ میں رہے۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی سات جبکہ قلات میں منفی بارہ تک پہنچ گیا۔ قندھار سے آنے والی سرد ہواوں کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں اور معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے جبکہ دیہاڑی دار طبقہ تو نان شبینہ سے بھی محروم ہوگیا۔ سردی کی شدت میں اضافہ تو ایک طرف سونے پر سہاگہ گیس بھی غائب ہوگئی جس کے باعث خواتین کو امور خانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سردیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ اب معمول بن گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی یہ شدت سرد یخ بستہ ہواوں کیساتھ آئندہ اڑتالیس گھنٹوں تک جاری رہے گی جبکہ پنجاب میں آج سے دھند کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔