Thursday, March 28, 2024

ملکہ کوہسار مری سمیت بالائی پہاڑوں میں برفباری

ملکہ کوہسار مری سمیت بالائی پہاڑوں میں برفباری
December 14, 2021 ویب ڈیسک

مری (92 نیوز) ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ مری، گلیات اور آزاد کشمیر میں برفباری شروع ہو گئی۔

ملکہ کوہسار مری، گلیات ، مظفرآباد، کوٹلی سیمت آزاد کشمیر کے بالائی پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

مری میں ہلکی برفباری اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ برف باری  سے سڑکیں سفید ہو گئی ہیں۔ سیاح فیملیاں سہانے موسم سے بھر پور لطف اندوز ہورہی ہیں۔

گلیات کے علاقے نتھیاگلی ایوبیہ ٹھنڈیانی میں بھی ہلکی برف باری سے سردی کی شدّت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ آزاد کشمیر کے زیریں علاقوں میں بارش جبکہ  بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی نیلم، لیپہ، سدھن گلی حویلی، باغ، راولاکوٹ کے بلند پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔

مظفرآباد کے بلند سیاحتی مقامات پیر چناسی، پیر ہسیمار، مکڑا پہاڑ، سری کوٹ میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔