Friday, April 26, 2024

ملکہ ترنم نور جہاں کی آج 90ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

ملکہ ترنم نور جہاں کی آج 90ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے
September 21, 2016
لاہور (92نیوز) آج ملکہ ترنم نورجہاںکی 90ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ چھ دہائیوں پر محیط اپنے فنی سفر میں نورجہاں نے فلم انڈسٹری کو کیا کچھ نہیں دیا۔ ایک ہزار سے زائد فلموں کے لیے گایا۔ 26فلموں میں مرکزی کردار ادا کئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر قصور میں پیدا ہونے والی اللہ و سائی دنیا بھر میں نور جہاں کے نام سے مشہور ہوئیں۔ 5 برس کی عمر میں گانا شروع کیا اور استاد غلام محمد سے موسیقی کی ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ 1935ءمیں بطور چائلڈ سٹار فلم ”پنڈ دی کڑی“ کے ساتھ اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا۔ 1946ءمیں ہدایت کار محبوب خان کی فلم ”انمول گھڑی“ ریلیز ہوئی۔ نور جہاں کی اداکاری کے ساتھ ساتھ گائے ہوئے سبھی گیت بے حد مقبول ہوئے اور امر سنگیت کہلائے۔ تقسیم کے بعد نور جہاں اپنے خاوندشوکت حسین رضوی کے ساتھ پاکستان چلی آئیں جہاں انہوں نے 10 برسوں میں 13 فلموں میں اپنے فن کے جوہر دکھائے۔ کامیابی اور نغمگی کے اعتبارسے ”چن وے‘ دوپٹہ‘ انتظار اور کوئل“ بہت بڑی فلمیں ثابت ہوئیں۔ پاکستان فلم انڈسٹری کی شاید ہی کوئی ہیروئن ہوگی جس پرمیڈم نور جہاں کی آواز میں گایا ہوا گیت پکچرائز نہ ہوا ہو۔ ملکہ ترنم نور جہاں ایک اداکارہ اور گلوکارہ نہیں بلکہ نام ہے ایک دور کا‘ ایک عہد کا۔ جس پر لولی وڈ اور بولی وڈ ہمیشہ نازاں رہے گا۔