Thursday, March 28, 2024

ملکہ برطانیہ اور پرنس فلپ نے شادی کی 70ویں سالگرہ منائی

ملکہ برطانیہ اور پرنس فلپ نے شادی کی 70ویں سالگرہ منائی
November 21, 2017

لندن ( 92 نیوز ) برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم اور پرنس فلپ نے گزشتہ روز اپنی شادی کی 70 ویں سالگرہ منائی۔ وہ برطانوی تاریخ کا پہلا ایسا شاہی جوڑا ہے جسے اپنی شادی کی پلاٹینم جوبلی منانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ سالگرہ کے موقع پر برطانوی محکمہ ڈاک نے 6 ٹکٹوں کا ایک سیٹ جاری کیا ہے جس میں بکنگھم پیلس میں منگنی کے اعلان، ویسٹ منسٹر ابے میں شادی کی پرشکوہ تقریب، ہمپشائر میں ان کے ہنی مون کی تصاوير شامل ہیں۔
شاہی جوڑے نےاپنی شادی کی 70 ویں سالگرہ پر کسی عوامی تقریب کا اہتمام نہیں کیا۔ یہ تقریب اپنے خاندان کے افراد اور دوستوں کے ساتھ ونڈسر کے محل میں منائی۔
دن کے آغاز پر ویسٹ منسٹر ابے کی گھنٹیاں، جہاں 20 نومبر 1947 کو ملکہ الزبتھ کی ڈیوک آف ایڈن برگ سے شادی ہوئی تھی پورے اہتمام کے ساتھ بجائی گئیں۔
ویسٹ منسٹر کی گھنٹیاں بجانے کی 10 رکنی ٹیم نے شادی کی 70 ویں سالگرہ پر خوشی کا اظہار مسلسل تین گھنٹے اور 20 منٹ تک گھنٹیاں بجا کر کیا۔
سالگرہ کے موقع پر بکنگھم پیلس نے ملکہ اور پرنس کا ایک تازہ پورٹریٹ بھی جاری کیا۔ یہ تصویر اس مہینے کے شروع میں ونڈسر محل کے وائٹ ڈرائنگ روم میں کھینچی گئی تھی۔
ملکہ الزبتھ اور فلپ کی پہلی ملاقات اس وقت ہوئی تھی جب وہ ٹین ایجر تھے اور شادی کے وقت الزبتھ 25 سال کی تھیں۔