Sunday, May 12, 2024

ملک ہی نہیں ادارے کی عزت و وقار کا دفاع کرینگے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ملک ہی نہیں ادارے کی عزت و وقار کا دفاع کرینگے، ڈی جی آئی ایس پی آر
December 19, 2019
راولپنڈی (92 نیوز) مسلح افواج نے پرویز مشرف کے خلاف فیصلے پر تحفظات کا اظہار کردیا، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کہتے ہیں فیصلے میں استعمال کئے گئے الفاظ مذہب تہذیب اور کسی بھی اقدار سے بالاتر ہیں، تحریری فیصلے سے خدشات سچ ثابت ہوئے، ہم ہائبرڈوار کا سامنا کر رہے ہیں، ملک ہی نہیں ادارے کی عزت و وقار کا دفاع کریں گے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ دشمن کے آلہ کاروں کا کیا منصوبہ ہو سکتا ہے، ہمیں اندازہ ہے چند افراد اندرونی و بیرونی حملوں سے مسلح افواج کو اشتعال دلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان کو کسی بھی صورت عدم استحکام کا شکار نہیں ہونے دیا جائیگا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم اپنی جانیں قربان کرکے ملک کی حفاظت کرنے کے ذمہ دار ہیں، ایسا ہم نے کرکے بھی دکھایا۔افواج پاکستان صرف ایک ادارہ نہیں یہ ایک خاندان ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف کی باتوں سے متعلق حکومت آپ کو آگاہ کر دے گی، انتشار کو کسی صورت پھیلنے نہیں دیں گے۔ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا اندرونی وبیرونی دشمنوں کو بھرپور جواب دیں گے، بیرونی خطرات کی طرف سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں، دشمن ہمیں داخلی طور پر کمزور کرتے رہے، اب ان کے اندرونی خدشات بھی سراٹھانے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ پاکستان کو کمزور کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، ان خالات میں چند لوگ ہمیں آپس میں لڑانا چاہتے ہیں، اس طریقے سے پاکستان کو شکست دینے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ ہم ملک دشمن قوتوں کا سامنا کریں گے، پاکستان کے استحکام کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، اس استحکام کو کبھی بھی ختم نہیں ہونے دیں گے، ہم ملک کی عزت بھی بچانا جانتے ہیں اور اپنی عزت بھی بچانا خوب اچھی طرح جانتے ہیں۔ فوج حکومت کے ساتھ مل کر ملک کو وہاں لے جانا چاہتی ہے جہاں ملک پوری طرح محفوظ ہو۔ میجرجنرل آصف غفورنے کہا عوام افواج پاکستان پر اعتماد رکھیں،ہم دشمنوں کو اور ان کے آلہ کاروں کو بھرپور جواب دیںگے۔