Friday, March 29, 2024

ملک کے چپے چپے میں بجلی کے کارخانے لگا رہے ہیں: وزیراعظم

ملک کے چپے چپے میں بجلی کے کارخانے لگا رہے ہیں: وزیراعظم
September 8, 2016
کراچی (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ملک ترقی کر رہا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ ملک کے چپے چپے میں بجلی کے کارخانے لگ رہے ہیں۔ بجلی کی قلت ملک سے ختم ہو جائے گی۔ آج تمام ادارے منافع کما رہے ہیں۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر دوہزار اٹھارہ تک لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی نوید سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کہہ رہی ہے کراچی سٹاک ایکسچینج دنیاکی دس بہترین سٹاک ایکس چینجز میں سے ہے۔ ہماری نظر اداروں کو ٹھیک کرنے پر ہے۔ اس وقت پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر تاریخ میں سب سے زیادہ ہیں۔ ٹیکس کولیکشن میں بھی ساٹھ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے سیاسی مخالفین کو بھی کھری کھری سنا دیں اور کہا کہ پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں سے عوام کو پوچھنا چاہیے۔ پاکستان کو یہ دن دکھانے والوں سے حساب لیا جائےگا۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر دوہزار اٹھارہ تک لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہماری نظر صرف بجلی بنانے پر نہیں سستی کرنے پر بھی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی سے لاہور موٹروے کی تعمیر شروع ہو گئی ہے۔ پورے ملک میں سڑکوں کا جال بچھا رہے ہیں۔ پاکستان کی برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہے جس کےلئے برآمدات کنندگان کو مراعات دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔