Saturday, May 18, 2024

ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا 88واں یوم پیدائش

ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا 88واں یوم پیدائش
January 5, 2016
لاہور (92نیوز) سیاست میں گروں کے دھنی اور فن خطابت پر ملکہ رکھنے والے پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی آج سالگرہ ہے۔ آستین چڑھا کر خطاب شروع کرتے تو لاکھوں کا مجمع ٹکٹکی باندھے محوہوجاتا۔ جس طرف ہاتھ ہلاتے لاکھوں سر ہوا پر جھولتے پتوں کی مانند اسی طرف جھول جاتے۔ تفصیلات کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو نے برصغیر کے ایک بڑے جاگیردار سر شاہنواز بھٹو کے گھر انیس سو اٹھائیس میں آج ہی کے دن جنم لیا۔ دوستوں میں زلفی کے نام سے مشہورہوئے۔ پڑھائی میں اوسط درجے کے طالب علم رہے لیکن جب حصول علم کےلئے ولایت گئے توان کی قائدانہ صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئیں۔ فوجی آمر کی حکومت سے سیاست کرنے والے بھٹو نے ملک کو حقیقی جمہوریت‘ پہلا متفقہ آئین اور ون مین ون ووٹ کا حق دیا۔ ایٹمی قوت دے کر دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانا اور اسلامی سربراہی تنظیم کاقیام بھٹو کے تاریخی کارنامے سمجھے جاتے ہیں۔ بھٹو کو باپ نے ورثے میں جاگیرداری دی تو غریبوں سے پیار کا ورثہ والدہ سے ملا جس کی جھلک ان کی جذباتی تقریروں سے ملتی ہے۔ اپنے نظریات‘ اندازسیاست اور ولولہ انگیز قیادت کی وجہ سے قائد عوام کا خطاب پایا۔ ذوالفقار علی بھٹو تاریخ کے ہاتھوں مرنے سے آمر کے ہاتھوں مرنے کو ترجیح دے کر امر ہو گئے۔