Thursday, April 18, 2024

ملک کے نئے سربراہ کے چناؤ کیلئے صدارتی انتخابات کل ہوں گے

ملک کے نئے سربراہ کے چناؤ کیلئے صدارتی انتخابات کل ہوں گے
September 3, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) ملک کے نئے سربراہ کے چناؤ کے لیے صدارتی انتخابات کل ہوں گے۔ تحریک انصاف کے عارف علوی، پیپلز پارٹی کے اعتزازاحسن اور ن لیگ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ امیدوار مولانا فضل الرحمان میدان میں ہیں۔ صدارتی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل ہیں تاہم اپوزیشن جماعتیں مشترکہ امیدوار میدان میں نہ لاسکیں۔ تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار عارف علوی کی کامیابی کا واضح امکان ہے۔ صدارتی امیدوار کے لیے پیپلز پارٹی اعتزازاحسن کے نام پر ڈٹ گئی۔ آصف زرداری مولانا فضل الرحمان کو دستبردار کرانے کے لیے سرگرم ہیں۔ ادھر ن لیگ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان کسی صورت پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔ مولانا فضل الرحمان بھی اعتزاز احسن کو دستبردار کرانے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملک کے نئے سربراہ کے چناؤ کے لیے چاروں صوبائی اسمبلیوں اور پارلیمنٹ ہاؤس میں صبح دس سے شام چار بجے تک پولنگ ہو گی ۔ صوبائی اسمبلیوں میں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس جبکہ پارلیمنٹ ہاوس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس پریزائیڈنگ افسر ہونگے۔