Friday, September 20, 2024

ملک کے میدانی اور بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری، پنجاب کے کئی شہروں میں بارش سے موسم سہانا

ملک کے میدانی اور بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری، پنجاب کے کئی شہروں میں بارش سے موسم سہانا
March 5, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) ملک کے میدانی اور بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ وادی کوئٹہ میں رم جھم پر شہریوں نے تفریحی مقامات اور کھانے پینے کی دکانوں کا رخ کر لیا۔ پنجاب کے کئی شہروں میں بارش سے موسم سہانا ہو گیا۔ لاہور میں شام ڈھلے بادل آئے اور گرج چمک کے ساتھ برسنے لگے۔ شیخوپورہ اور حافظ آباد میں بھی بارش سے موسم سہانا ہو گیا۔ اس موقع پر کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوئی جس سے گیارہ ہزار کے وی کے تار ٹوٹ گئے اور تار گرنے سے تین گھروں میں آگ لگ گئی جس سے ایک شخص جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہو گئے۔ پشاور، پاراچنار، کوہاٹ، اسلام آباد، مری، جھنگ، فیصل آباد، رحیم یارخان اور سکھر میں بھی مینہ برسا۔ ادھر وادی کوئٹہ میں بادل برسے تو خوب برسے جس پر شہریوں نے کھانے پینے کی دکانوں کا رخ کر لیا۔ بارش کے باعث ہنہ جھیل بھر گئی جس پر سیاحوں نے تفریحی مقام کا رخ کر لیا۔ مانسہرہ اور گردونواح میں تو بارش ہوئی لیکن ناران کاغان، سرن ویلی اور کونش ویلی کے پہاڑوں پر برفباری سے گرم ملبوسات اور ہر طرح کے ایندھن کی مانگ بڑھ گئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، فاٹا اور آزادکشمیر میں کہیں کہیں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔