Friday, April 26, 2024

ملک کے مختلف علاقوں میں یوم دفاع کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں

ملک کے مختلف علاقوں میں یوم دفاع کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں
September 6, 2019
 گوجرانوالہ (92 نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں یوم دفاع کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں جس میں بچے، بوڑھے، جوان  کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ گوجرانوالہ میں یوم دفاع کے حوالے سے نجی سکول کے بچوں کی بھارت کے خلاف احتجاجی  ریلی نکالی گئی۔ بچوں نے پاک آرمی کی وردی پہن کر پاکستان زندہ آباد اور پاک افواج زندہ باد  کے نعرے لگائے۔ قصور ، میاں چنوں میں بھی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ حیدر آباد سمیت سندھ بھر میں بھی یوم دفاع و شہدا بھر پور انداز میں منایا جا رہا ہے۔ کشمور، نواب شاہ، شاہ پور چاکر، بدین میں ریلیاں نکالی گئیں جس میں کثیر تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ شرکا نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔ ڈیرہ بگٹی اور قلات میں یوم دفاع پرکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئی جس میں قبائلی معتبرین ، ہندو پنچائیت اور طلباء بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ ہرنائی میں  بھی چھ ستمبر یوم دفاع اور یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا گیا۔ کشمیر اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے گئے ۔ شمالی وزیرستان میں  بھی یوم دفاع جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ خیبر کے جمرود بازار میں طلبا کی بڑی تعداد نے باب خیبر سے جمرود بازار تک مارچ کیا۔ میرانشاہ میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی ۔ یونس خان اسٹیڈیم میں عسکری سازو سامان کی نمائش بھی کی گئی۔