Sunday, May 19, 2024

ملک کے مختلف علاقوں میں کل سے پھر بارشیں ہوں گی

ملک کے مختلف علاقوں میں کل سے پھر بارشیں ہوں گی
February 11, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) سردی ابھی جانے والی نہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے ملک کے مختلف علاقوں میں پھر سے بارشیں ہوں گی ۔بارشوں کا نیا سلسلہ جمعہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کا راج برقرار  ہے ، موسم کا حال بتانے والوں نے کل سے ملک بھر میں ایک بار پھر بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے ۔ منگل سے شروع ہونے والا بارشوں کا نیا سلسلہ جمعہ تک جاری رہ سکتا ہے، ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارشیں ہوں گی۔ بادلوں کی گرج چمک کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ شہرقائد میں آج بھی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں ، ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصدہے، کراچی کا درجہ حرارت 20 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو کہ زیادہ سے زیادہ 28 ڈگری رہنےکا امکان ہے جبکہ رات کے اوقات میں موسم مزید سرد ہوجائےگا۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور مالاکنڈ ڈویژن میں بارشوں کے ساتھ ساتھ پہاڑوں پر آسمان سے سفید گالے بھی کریں گے ۔ شمالی علاقہ جات میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں سے سردی کی شدت ایک بار پھر بڑھ جائےگی۔بالائی علاقوں میں پہلے ہی پارہ نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔ ایبٹ آباد، نتھیاگلی اور ٹھنڈیانی میں برف باری سے متاثرہ سڑکیں تاحال ٹریفک کےلئے نہیں کھولی جاسکیں۔