Thursday, April 18, 2024

ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری

ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری
July 28, 2019
لاہور (92 نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں آج سے تیس جولائی تک کھل کر بادل برسنے کا امکان ہے۔ مون سون کے دوران مختلف حادثات میں مزید سات افراد جاں بحق ہو گئے۔ بارشوں کی وجہ سے  دریائے سوات اور ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ۔ نالہ ڈیک میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نالوں میں طغیانی ہے تو شمالی علاقوں لینڈ سلائیڈنگ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہوا ہے۔ چترال میں سیلابی ریلے اور لینڈ سلائیڈنگ سے کئی سڑکیں بلاک ہو گئیں ۔ امدادی ٹیمیں سڑکیں کلیئر کرنے میں مصروف ہیں۔ مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی جبکہ نالہ ڈیک میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا۔ ظفر والہ میں نالہ ڈیک میں نچلے درجے  کے سیلاب کے باعث تحصیل انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ۔ نالے کے کنارے بسنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر آباد میں کرنٹ لگنے سے دو بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ راجن پور میں طوفانی بارش کے باعث بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں۔ کرنٹ لگنے سے ایک بچہ جاں بحقہو گیا۔ زیارت کی تحصیل سنجاوی میں بھی کر نٹ لگنے سے دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ چھتیں گرنے کے واقعات میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔