Thursday, April 25, 2024

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں سے سیلابی کیفیت

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں سے سیلابی کیفیت
August 4, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) موسم کا مدوجزر جاری ہے ،ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں سے سیلابی کیفیت ہے جب کہ کہیں لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا رکھی ہے ،  شدید حبس نے بھی شہریوں کو پسینے سے شرابورکررکھا ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اورلینڈ سلائیڈ کے باعث نقصانات کا سلسلہ جاری ہے ۔ایبٹ آباد کے علاقے قلندرآباد کے قریب ایک گھر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگیا،دو افراد لقمہ اجل بنے ،ریسکیو حکام نے ڈیڈ باڈیز اور چاروں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔ ادھر سندھ اور بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث کاچھو کے کیرتھر پہاڑی سلسلے کے ندی نالوں میں شدید طغیانی کے باعث سیلابی صورتحال ہے،مزید 150 دیہات زیر آب آنے سے متاثرہ دیہات کی تعداد450ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ہزارہ، راولپنڈی، لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد،  ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، قلات ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر  اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرتیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ بالا علاقوں کے علاوہ  باقی ملک میں موسم گرم مرطوب رہے گا۔