Friday, May 17, 2024

ملک کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج، موٹر وے بند، پروازیں تاخیر کا شکار

ملک کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج، موٹر وے بند، پروازیں تاخیر کا شکار
December 15, 2019
لاہور (92 نیوز) دسمبر نے اپنا رنگ جما دیا، ملک میں سخت سردی، شدید دھند اور یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے، لاہور مریدکے، ہارون آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، خانیوال میں دھند میں راستے گم ہو گئے۔ حد نگاہ کم ہونے سے موٹر وے بند کردی گئی۔ دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر ایم ٹو حافظ آباد، شیخوپورہ سے کالاشاہ کاکو ، ایم فور فیصل آباد سے شور کوٹ تک بند کر دیا گیا۔ قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے ڈیرے، مریدکے، کامونکی، ہارون آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ہارون آباد، میاں چنوں، خانیوال میں بھی راستے دھند میں گم ہوگئے، ٹریفک روانی بھی متاثر ہے، پی آئی اے کے فلائٹ شیڈول میں خلل کے باعث متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ ملتان شہر اور گردونواح میں ہلکی دھند ہے جس کے باعث حد نگاہ 800 میٹر تک محدود ہوگئی، کم سے کم درجہ حرارت 8 جبکہ زیادہ سے زیادہ 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد ہے ، اگلے بارہ گھنٹوں تک مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے حافظ آباد تک شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ 00 میٹر رہ گئی۔ موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔شہریوں سے گزارش ہے کہ غیرضروری سفر سے گریز کریں۔ موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دھند میں ان ہدایات کا خیال رکھیں، گاڑی کے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں، اچانک بریک لگانے سے پرہیز کریں، ہیڈلائٹ لو بیم پر رکھیں، سفر شروع کرنے سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔