Friday, April 19, 2024

ملک کے مختلف علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے

ملک کے مختلف علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے
November 26, 2017

کراچی ( 92 نیوز ) سندھ حکومت نے کل تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے ۔ سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ تمام سرکاری اورنجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
تحریک لبیک کے دھرنا کے باعث جڑواں شہروں کے تمام تعلیمی اداروں میں بھی چھٹیاں کرادی گئیں۔
راولپنڈی میں تمام سرکاری ونجی سکول کالجز پیراورمنگل کے روز بند رہیں گے ۔
فیض آباد دھرنے کے شرکا کے خلاف آپریشن کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر کے تمام سکول، کالجز اور یونیورسٹیوں میں پیر اور منگل کے روز چھٹی کااعلان کر دیا گیا ہے ۔
صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام سرکاری و نجی کالجز اور یونیورسٹیاں حالات کے سازگار ہونے پر کھولے جائیں گے ۔ چھٹی کا فیصلہ طلباء اور اساتذہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کیاگیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں پیر کی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اسلامی یونیورسٹی، علامہ اقبال یونیورسٹی ، وفاقی اردو یونیورسٹی ، شہید ذوالفقارعلی بھٹو شہید یونیورسٹی بند رہیں گی۔
جڑواں شہروں کے تمام پرائیویٹ سکولوں کو بھی پیراور منگل کے روز بند رکھنے کوفیصلہ کیاگیا۔ بیکن ہاؤس اور ایمز ایجوکیشن سسٹم نے کل کی چھٹی کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں گومل یونیورسٹی پیر کے روز بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا ۔ تاہم صوبے کے دیگر اضلاع میں تعلیمی ادارے بندکرنے کے حوالے سے تاحال کوئی احکامات جاری نہیں ہوئے ۔
گومل یونیورسٹی کو پیر کے روز بند رکھنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔