Saturday, April 20, 2024

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی تباہ کاریاں جاری

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی تباہ کاریاں جاری
September 2, 2020
 سرگودھا (92 نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ سرگودھا، خوشاب، مانسہرہ، بونیر، بٹگرام میں مکانات کی چھتیں اور پہاڑی تودے گرنے سے بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پنجاب میں طوفانی بارشوں کا ایک اور اسپیل داخل ہو گیا۔ مختلف شہروں میں بارش کے بعد جل تھل ایک ہو گیا۔ لاہور، فیصل آباد، سرگودھا ڈویژن اور دیگر علاقوں میں بادل جم کر برسے۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے دو کمسن بھائی جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ سرگودھا کے علاقے مڈھ رانجھا میں بارش کے باعث چھت گرنے سے دو بچے لقمہ اجل بن گئے۔ خوشاب کے نواحی گاؤں پیل میں بارش کے دوران چھت گرنے سے میاں بیوی جبکہ ڈھوکڑی میں معمر خاتون دم توڑ گئی۔ ہڈالی، منگوال، ناڑی اور گروٹ میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے سرکاری اسپتال، میونسپل کمیٹی کے دفتر پانی میں ڈوب گئے۔ کٹھہ کے قریب برساتی پانی کے باعث رابطہ پل ٹوٹ گیا۔ دریائے سندھ پر چشمہ بیراج میں پانی آمد میں پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے درمیانے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔ دریائے سندھ میں کالا باغ اور دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر درمیانے درج کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا، تونسہ، گدو اور سکھر کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے چناب میں تریموں کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران پانی کی آمد میں اضافہ متوقع ہے۔