Thursday, April 25, 2024

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے موسم خوشگوار

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے موسم خوشگوار
March 27, 2020
 لاہور (92 نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، ملتان میں بادل برسے۔ گوجرانوالہ، سانگلہ ہل، چونیاں، جلال پوربھٹیاں میں بارش ہوئی۔ قصور، پھول نگر، رینالہ خورد ، منڈی بہاؤالدین میں بھی بادل برسے جس سے سیکڑوں ایکڑ کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی۔ کراچی میں بھی بارش نےانٹری ڈالی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کرنے کے امکانات ہیں۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد رہے گا۔ ہوا 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے گوجرانوالہ ، گجرات،حافظ آباد، شیخو پورا، لاہور، سیالکوٹ ،نارووال ،سرگودھا، میانوالی ، بھکر، اٹک ، راولپنڈی، جہلم ، ڈی جی خان ،ملتان ، بہاولپور،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ گوجرانوالہ میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے۔ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ سرائے مغل اور گردونواح میں کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹھنڈی ہواوں کے ساتھ بارش سے موسم سرد اور خوشگوار ہو گیا۔ پاکپتن اور گردو نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ بارش سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا۔ بارش اور موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے گندم کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔