Saturday, May 11, 2024

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم کی تبدیلی کا اشارہ دیدیا

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم کی تبدیلی کا اشارہ دیدیا
September 15, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم کی تبدیلی کا اشارہ دیدیا ، کراچی میں بھی تھنڈی ٹھار ہواؤں نے گرمی اور حبس کو بھگا دیا جس سے شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔ ملک کے کئی شہروں میں بادل  برس پڑے ، سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی لیکن آخر کار موسم میں خوشگوار تبدیلی رونما ہو ہی گئی ، عوام  بھی نئے موسم کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہوگئے۔ لاہور میں صبح سے ہی آسمان پر کالی گھٹائیں چھائی رہیں ،کئی علاقوں میں بونداباندی سے حبس اور گھٹن میں کمی آئی ۔ شہرقائد میں بھی 30کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے گرمی کو ٹائیں ٹائیں فش کردیا۔ فیصل آباد ،گوجرانوالہ ،سرگودھا اور راولپنڈی ڈویژن میں بھی چند مقامات پر بادل برسے ۔ سب سے زیادہ بارش گوجرانوالہ میں 11ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ موسمیاتی پنڈتوں نے آئندہ چوبیس گھنٹے کےدوران بھی راولپنڈی ،ہزارہ ڈویژن ، اسلام آباد ،کشمیر  اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی نوید سنادی،جب کہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کےدوران  سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 43 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،جب کہ نورپور تھل اور دادو میں پارہ 42ڈگری کو چھو گیا۔