Tuesday, May 21, 2024

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ، شمالی علاقوں میں برفباری

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ، شمالی علاقوں میں برفباری
February 18, 2019
لاہور ( 92 نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت بڑھ گئی  جبکہ  کہیں گہرے بادلوں کا راج ہے  ۔ ادھر مری سمیت شمالی علاقہ جات میں برفباری  کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔ فروری میں جاتی سردی  بارشوں کے باعث لوٹ آئی اور فروری کا اوائل دسمبر کا سما دینے لگا ، میدانی علاقوں میں بارش جبکہ  بالائی علاقوں میں برفباری  کا سلسلہ  جاری ہے جس ے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ ملکہ کوہسار مری میں وقفے وقفے سے آسمان سے سفید گالوں کی برسات ہو رہی ہے ، زیارت میں بھی برفباری نے سماں باندھ دیا۔ ایبٹ آباد کے علاقوں نتھیا گلی،ایوبیہ اور ٹھنڈیانی  میں برف باری جبکہ حویلیاں، شیروان، منڈیاں،قلندر آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش نے ٹھنڈک بڑھا دی۔ شمالی وزیرستان کے علاقوں شوال،رزمک،دیربالا کے علاقوں کمرٹ، لواری ٹاپ،بن شاہی،عشیری درہ  میں برفباری ہوئی ۔ ہاتن درہ،کلوٹ،علی گاسر،کلپانی کے دیہات نے بھی سفید چادر اوڑھ لی۔ اسلام آباد اور لاہور میں گہرے بادلوں کا راج ہے ، پنجاب کے میدانی علاقوں میں گہر چھایا ہوا ہے ۔ اوکاڑہ ، پاکپتن ، منڈی بہاؤالدین ، تربت ، شکر گڑھ ، پھالیہ ، کامونکی میں بادل برسے جب کہ کراچی میں بھی کہیں  ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات  نے ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔