Wednesday, May 1, 2024

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں سے موسم خوشگوار

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں سے موسم خوشگوار
May 14, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں نے موسم خوشگوار کردیا، شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، بالائی سندھ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اور گرم چمک کے ساتھ بادل برسے، کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔

گرمی ابھی رخصت پر رہے گی، بادلوں نے چاروں صوبوں میں ایسا رنگ جمایا کہ موسم خوشگوار ہوگیا، پنجاب میں پوٹھوہار ریجن، وسطی پنجاب، جنوبی اضلاع میں بارش ہوئی، کئی مقامات پر بادم جم کر برسے اور ژالہ باری بھی ہوئی۔

بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، زیارت، لورالائی، پشین، قلعہ سیف اللہ اور دیگر علاقوں میں بادل برسے، سندھ کے اضلاع سکھر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں گرد آلود ہوائیں چلیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

خیبرپختونخوا میں مالاکنڈ ڈویژن، ہزارہ ڈویژن، پشاور ڈویژن، اور ڈی آئی خان ڈویژن میں بعض مقامات پر بادل برسے، گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں اور آزاد کشمیر میں بھی بادلوں نے انٹری ماری۔

جمعرات کے روز بھی آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، بالائی بلوچستان اور بالائی سندھ کے اضلاع میں بارش کا امکان ہے، کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوگی۔

سندھ کے جنوبی اضلاع میں شدید گرمی کا راج رہا، میرپورخاص میں سب سے زیادہ درجہ حرارت44 ریکارڈ کیا گیا، دادو ، شہید بینظیر آباد اور بلوچستان کے علاقے نوکنڈی میں  پارہ43 ڈگری رہا۔