Saturday, April 27, 2024

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی
March 4, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کے انداز بھی مختلف ہیں ۔ کچھ علاقوں میں بارشوں اور کچھ میں برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے ۔ مارچ میں جاتی سردی پھر لوٹ آئی ،برفباری کے باعث  زیارت اور سنجاوی کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا جب کہ میدانی علاقوں میں مطلع بدستور ابرآلود ہے ۔  آج  لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن میں ابر رحمت برسنے کی پیشگوئی ہے ۔ زیارت اور گردونواح میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع  ہوا جس سے زیارت اور سنجاوی کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ مری میں برفباری کا سلسلہ تو تھم گیا مگر سردی کی شدت برقرار ہے ، ملکہ کوہسار میں بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی نے قدرتی نظاروں کو مزید حسین کردیا۔ لاہور شہر میں ٹھنڈی ہواؤں کا راج برقرار ہے ، صوبائی دارالحکومت کا مطلع  بدستور ابر آلود ہے ۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آج بھی لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ وادی کوئٹہ اورگردونواح میں حالیہ بارشوں کے بعد مطلع مکمل طور پر صاف ہوگیا، پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر شہروں میں بھی آج موسم سرد اور خشک رہے گا ۔ شہرقائد سے بھی بادل رفو چکر ہو گئے ، آج کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، مالاکنڈ، ہزارہ، ڈویژن، کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ دوسری جانب ملک کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند کا راج رہا، موٹروے اور قومی شاہراہوں پر دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔