Friday, April 19, 2024

ملک کے مختلف علاقوں میں سال نو کی پہلی بارش،پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری

ملک کے مختلف علاقوں میں سال نو کی پہلی بارش،پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری
January 5, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک کے کئی علاقوں میں سال نو کی پہلی بارش پہاڑوں پربرفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے، تیز ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،،سیاحوں نے شمالی علاقہ جات کا رخ کرلیا۔ کہیں بارش ،کہیں برفباری، ملک بھر میں سردی  اپنے جوبن پر  پہنچ گئی،سال نو کی پہلی بارش  سے فضا نکھر گئی ، ٹھنڈک کااحساس بھی بڑھ گیا۔ اسلام آباد،لاہور ،گوجرانوالہ،فیصل آباد،نارووال،منڈی بہاؤالدین،سیالکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں بادل برسے۔ ملک کے شمالی علاقوں میں برفباری سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، ملکہ کوہسار مری کے نظارے لینے سیاح جوق در جوق  امڈ آئے ۔ وادی سوات میں  آسمان سے گرتے سفید موتیوں  نے  وادی کے حسن میں اضافہ کر دیا ہے، برفباری سے لطف اندوزہونے کےلیے سیاحوں نے  ڈیرے ڈال لیے ۔ ایبٹ آباد میں شدید برفباری کے باعث زمینی راستہ منقطع ہوگیا جس  سے سیاحوں کو دشواری کا سامنا ہے ،چھترپلین میں برفباری سے شاہراہ قراقرم بند ہوگئی ۔ اسکردو،اپر دیر،لوئردیر میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ  ناران میں تین فٹ ،شوگران  میں دو فٹ برف پڑ چکی ہے گلگت بلتستان میں بھی  آسمان سے سفید گالوں کی برسات ہوئی ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کےدوران  مزید بارش  اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔