Friday, May 17, 2024

ملک کے مختلف شہروں میں بارش، کالام میں برفباری

ملک کے مختلف شہروں میں بارش، کالام میں برفباری
March 14, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں بارش، اسلام آباد میں بوندا باندی اور پشاور میں بھی بادل برس پڑے، کالام میں برفباری، بارش اور برفباری نے موسم میں نئے رنگ بھردئیے۔

شہر اقتدار اور خیبرپختونخوا میں موسم نے ایک بار پھر انگڑائی لے لی، اسلام آباد میں بارش کے باعث موسم ایک بار پھر سرد ہوگیا۔ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی وقفے وقفے سے ابر کرم برسنے کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب موسم کا حال بتانے والوں نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں مزید بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔