Tuesday, May 14, 2024

ملک کے مختلف شہروں میں بارش ، سردی کی شدت بڑھ گئی

ملک کے مختلف شہروں میں بارش ، سردی کی شدت بڑھ گئی
February 20, 2019
لاہور ( 92 نیوز) سندھ اور بلوچستان میں بادل برس پڑے، گوادرمیں طویل خشک سالی کے بعد بارش سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے ، پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی رم جھم سے موسم سرد  ہو گیا ، سکردو،رزمک،شوال اور دتہ خیل میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ ابررحمت نے سندھ اور بلوچستان کارخ کرلیا، خشک سالی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔شہر قائد میں بادلوں نے  رنگ جما دیا، ڈیفنس، کلفٹن، گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی ،گلشن معمار، صدر  میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ سندھ کے علاقے نوابشاہ  ،کشمور،دادو،خیرپورمیں تیز بارش سے سردی کی شدت بڑھ گئی ۔ لاڑکانہ، ٹھل، ڈہرکی، اوستہ محمد میں بھی رم جھم ہوئی  جس کے باعث کئی علاقوں میں فیڈرٹرپ ہونے سے بجلی غائب ہوگئی۔ گوادرمیں طویل عرصے بعد موسلا دھار بارش نے زمین کی پیاس بجھا دی۔ قلات،مکران،بولان،ڈیرہ بگٹی،چمن،ڈیرہ مرادجمالی،سبی،تربت اور دیگر علاقوں میں بھی بادل کھل کربرسے۔ لاہور میں بادلوں اور ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے جب کہ  ملتان،صادق آباد، میاں چنوں، رحیم یارخان،تونسہ شریف،دیپالپورسمیت کئی شہروں میں  بارش سے سردی بڑھ گئی ۔ ڈیرہ اسماعیل خان ،شمالی وزیرستان میں وقفے وقفے سے رم جھم کا سلسلہ جاری ہے جب کہ سکردو،رزمک،شوال اور دتہ خیل کے علاقوں میں برفباری سے ہر سو سفیدی کی چادر تن گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد،راولپنڈی،کشمیر، گلگت بلتستان میں بارش اور کئی مقامات پر مزیدبرفباری کا امکان ہے۔