Friday, April 26, 2024

ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں ، نشیبی علاقے زیر آب

ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں ، نشیبی علاقے زیر آب
August 7, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں بادل کھل کر برسے ہیں ، راولپنڈی  میں تیز بارش کے باعث ایک ہی خاندان کے دس افراد بہہ گئے  جن میں سے تین جاں بحق ہو گئے جب کہ سات کو بچالیا گیا ،بارش کے باعث ندی نالوں میں بھی طغیانی ہے۔ مون سون سیزن عروج پر  پہنچ گیا ، ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے بادل کھل کر برسے، مورگاہ جبار کالونی میں   ایک ہی خاندان کے 10افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے  جن میں سے  تین جاں بحق ہوگئےجبکہ سات افراد کو بچا لیا گیا ۔ ڈھوک چودھریاں میں  بچہ سیلابی نالے میں بہہ گیا،موسلا دھار بارش کے باعث  نالہ لئی میں طغیانی ہے۔ کوٹلی آزادی کشمیر میں نالے بان میں طغیانی سے دیہی علاقوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا،مقامی  افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ فیصل  آباد،سرگودھا، چنیوٹ ،سانگلہ ہل،بھلوال میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، پنڈی بھٹیاں میں بھی تیز بارش سے جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا ،گوجر خان  میں بھی برکھا رت خوبی برسی ،منڈٖی بہاؤلدین اور  صفدر آباد میں بھی رات گئے تیز بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ موسم کا حال بتانےوالوں نے مختلف شہروں میں نو اور بارہ اگست کے دوران  مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے،آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی اور  میدانی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔