Thursday, April 25, 2024

ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری

ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری
January 5, 2017

ایبٹ آباد (92نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں تیسرے روز بھی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔ ایبٹ آباد میں برف باری سےنتھیاگلی، ڈھونگہ گلی کی مین روڈ اور رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ مزید چند روز جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری نے موسم مزید سرد بنا دیا۔ تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ دیر، چترال، سوات، بونیر اور شانگلہ کے پہاڑوں پر برف پڑتی رہی جبکہ شہری علاقوں میں گہرے بادل چھائے رہے۔

ضلع ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام سمیت دیگر میدانی علاقوں میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔ ایبٹ آباد میں برف باری سےرابطہ سڑکیں بند ہو گئیں جس سےلوگوں کومشکلات پیش آئیں۔ مری میں روئی کے گرتے گالے دیکھ کر لوگوں کے چہرے کھل اٹھے اور انہوں نے خوب ہلہ گلہ کیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے ہفتے تک ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا اور لاہور ڈویژن میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ ادھر یہ سوات کی حسین وادی میاندم میں سال 2017 کی پہلی برف باری ہوئی تو آسمان سے گرتے برف کے گالوں نے اس سیاحتی مقام کے حسن کو چار چاند لگا دئیے۔

مینگورہ سے 55کلو میٹر کے فا صلے پر واقع میاندم سا ٹھ ہزار پا نچ سو فٹ کی بلندی پر ہے۔ وادی کی گود میں گرتی برف کا لطف لینے کے لئے سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں موجود ہے۔ سیاحتی مقامات ملم جبہ اور کالام میں برفباری نے خوب اپنا رنگ جمایا۔ ملم جبہ میں 23انچ، میاندم میں 7انچ جبکہ کالام میں 23 انچ اور مہوڈنڈجیل میں 3فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے۔